06 فروری ، 2015
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے چارسدہ میں اسکول وین پر مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور فائرنگ کے نتیجے میںوین کے ڈرائیور کے جاں بحق اور 3اسکول کے بچوں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چارسدہ میں اسکول وین پر فائرنگ کے ایک اور واقعہ نے ثابت کردیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ روز بھی دہشت گرد پشاور میں ایک اسکول کے باہر بم پھینک کر فرار ہونے میںکامیاب ہوگئے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ اسکول کے بچوں کو تعلیم کے حصول سے روکنے کیلئے دہشت گردی کا نشانہ بنا نا بزدلانہ عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے اسکول وین پر فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور زخمی بچوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت کو مئوثر اور ٹھوس اقدامات کرنے کا پابند کرے ۔ دریں اثنا الطاف حسین نے روزنامہ جنگ کراچی کے سینئر ایڈیٹر اور ادارتی صفحہ کے انچارج اشتیاق علی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے مرحوم کی ربع صدی پر محیط صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطاکرے (آمین)۔