06 فروری ، 2015
اسلام آباد........قائد ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق جمعہ کوسانحہ شکار پور سمیت تمام سانحات دہشتگردی کے شہداء کے غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیلئے یوم ترحیم اس عہد و پیمان کے ساتھ منایا گیا کہ دہشتگردی کے قلع قمع کیلئے عساکر پاکستان کے ضرب عضب آپریشن ، مظلومین کی حمایت اور ظالمین سے عملی بیزاری کیلئے محبانِ انسانیت امن پسند قوتوں کی جدوجہد ہر حال میں جاری رہے گی اور دہشت گردی و دہشت گردوں کی ہر فورم پرمذمت کی جائے گی ۔اس موقع پر اسلام آباد سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قرآن خوانی ، دعائیہ اجتماعات ، مجالس تراحیم ہوئیں ۔ ٹی این ایف جے کی صوبائی ریجنل اور ضلعی یوم ترحیم کمیٹیوں کے زیر اہتمام دہشتگردی ، ٹارگٹ کلنگ ، خود کش حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ٹی این ایف جے کی یوم ترحیم کمیٹی اور مختار ایس او کے زیر اہتمام جامع مسجد قصر ابو طالب سے احتجاجی جلوس نکالا گیا جس کی قیادت علامہ سید محسن علی ہمدانی ،ایم ایچ جعفری ،ثمر الحسن نقوی ،نصیر حسین سبزواری ،علمدار نقوی ،سیف الحسن سیفی ،طیب جعفری ،این ایچ نقوی ،ایم ڈی حیدری ،مہدی رضا الحسینی ،اجمل حسن نقوی ،قاضی وفا عباس اور دیگر رہنما کر رہے تھے ۔ علامہ سید محسن علی ہمدانی نےقائد ملت جعفریہ کا خصوصی پیغام مظاہرین کو پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائے، قول و فعل کے تضاد کو ختم کرکے کالعدم گروپوں کو آہنی شکنجے میں جکڑے۔علامہ موسوی نے اپنے پیغام میں دہشتگردی کے تمام واقعات کی پرزور مذمت کی اور درجہ شہادت پر فائز ہونے والے شہداء اور جملہ اموات مومنین و مسلمین کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام سانحات کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائے ۔