09 فروری ، 2015
کراچی..........کراچی میں صبح سویرے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع نجی دفاتر پر مشتمل کثیر منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے درجنوں افراد پھنس گئے۔انتظامیہ کی بروقت کارروائی آگ بھی بجھ گئی اور لوگوں کو بھی بہ حفاظت نکال لیا گیا۔کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع کامرس سینٹر کی چوتھی منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جو کچھ ہی لمحوں میں پھیلتی چلی گئی، آگ لگنے کے وقت عمارت میں قائم دفاتر میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، فائر بریگیڈ کے عملے نے عمارت میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکالنے کا کام شروع کیا، امدادی کاموں میں فائر ٹینڈرز، واٹر ٹینکراور اسنارکلز نے حصہ لیا،آگ سے متاثرہ عمارت سے باہر آنے والے افراد نے کہا کہ آگ لگنے کے باعث عمارت میں شدید دھواں بھر گیا تھا،جس کے سبب سانس لینے میں دشواری اور دیکننے میں مشکلات تھیں۔ امدادی کاموں کے دوران گلی تنگ ہونے کے باعث عمارت کے گرد موجود گاڑیوں کو ہٹانے میں دشواری کا سامنا بھی کرنا ہے، تاہم فائر فائٹرز اسنارکل کی مدد سے چوتھی منزل سے مدد کے لئے پکارنے والے لوگوں کو نکالنے میں کامیاب ہوگئے،چیف فائر آفیسر احتشام الدین نے بتایا کہ عمارت میں ہنگامی حالت پیش آنے کی صورت میں کوئی دوسرا داخلی راستہ نہیں تھا اور نہ ہی فائر اینڈ سیفٹی کے انتظامات موجود تھے۔کامرس سینٹر میں بھڑکنے والی خوفناک آگ میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد سے فائر بریگیڈ نے آگ پرقابو پایا۔