09 فروری ، 2015
کراچی...........کراچی کے جناح اسپتال اور قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں پیرامیڈیکل اسٹاف کی ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد او پی ڈیز مکمل بند کردی گئی ہیں۔ پیرامیڈیکل اسٹاف کا کہنا ہے اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو وزیراعلیٰ ہاوس کا گھیراو ہوگا۔کراچی کے قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں اس پیرامیڈیکل اسٹاف کو وارڈز میں ہونا چاہیے، لیکن جب چار سال سے ہیلتھ اور ڈیپوٹیشن الاونس نے ان کے گھر کا رخ نہ کیا تو انہیں بھی پلے کارڈز اٹھاکر اسپتال سے باہر آنا پڑا۔پیرامیڈیکل اسٹاف کے مطالبات کے لیے بنائی گئی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا مؤقف ہے کہ جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ریٹائرمنٹ سے ایک ہفتے قبل وفاق میں چلی گئیں لیکن عملہ چار سال سے رل رہا ہے۔ایسے میں ادھر ادھر مسیحاؤں کی جانب حسرت بھری نگاہوں سے تکتے مریض، کسے وکیل کریں؟ کس سے منصفی چاہیں؟سراپا احتجاج پیرامیڈیکل اسٹاف نے دھمکی دی ہے کہ اگر 48گھنٹے میں مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وزیراعلی ہاوس کا گھیراو کیا جائے گا۔