پاکستان
10 فروری ، 2015

کراچی :پولیو ٹیم کی سیکورٹی پر مامور اہلکار کے قتل میں ملوث 3ملزم گرفتار

کراچی :پولیو ٹیم کی سیکورٹی پر مامور اہلکار کے قتل میں ملوث 3ملزم گرفتار

کراچی.........کراچی میں پولیو ورکرز کی سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا،جبکہ کرکٹ میچز پر سٹہ کھلانے والا بکی ٹارگٹ کلرز کے ہاتھوں مارا گیا۔26جنوری کو پاپوش نگر میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات رنگروٹ اہلکار شاہ میر خان کو قتل کردیا گیا تھا جبکہ ملزمان اس کا سرکاری اسلحہ بھی چھین کر لے گئے تھے، اس واردات میں ملوث تین ملزمان ،عثمان عرف چاٹا، محمد علی عرف کلٹی اور فضل حق عرف منو کو پولیس نے گرفتار کیا ہے جو اسٹریٹ کرمنل ہیں۔ ایس ایس پی ضلع سینٹرل نعمان صدیقی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ تینوں ملزمان اس روز اپنے ایک اور ساتھی بلال شاہ کے ہمراہ بنارس سے لوٹ مار کرتے ہوئے آرہے تھے کہ پاپوش پر ان کا ٹکراؤ شاہ میر خان سے ہو گیا، شاہ میر نے انہیں روکنا چاہا لیکن اُسے قتل کرنے کے بعد وہ سرکاری گن ساتھ لے گئے۔دوسری جانب گلشن اقبال بلاک13میں ممتاز منزل کے قریب گاڑی پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کردیا گیا، مقتول کی شناخت عزیز میمن کے نام سے ہوئی جسے گھات لگا کر قتل کیا گیا، ایس پی گلشن اقبال عابد قائمخانی کے مطابق مقتول بکی تھا اور ایک سال قبل بہادر آباد میں بھی اس پر فائرنگ ہوئی تھی ۔

مزید خبریں :