11 فروری ، 2015
سوات ......سوات کی حسین وادی مالم جبہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مارچ کے پہلے ہفتے میں اسکینگ کے مقابلوں اور اسنو فیسٹول کے انعقادکا اعلان کردیا گیا ہے ۔مالم جبہ سوات کے سیاحتی مراکز میں منفرد خصوصیات کی حامل ایک جدید تفریح گاہ ہے ۔ سطح سمند ر سے9ہزار500فٹ کی بلندی پر واقع اس حسین وادی میں ہر سال مختلف برفیلے کھیلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی ان کھیلوں کیلئے کھلاڑی اور تماشائی بے تاب نظر آرہے ہیں۔ مالم جبہ دسمبر سے مارچ تک برف سے ڈھکا رہتا ہے ۔اس لئےرواں برس بھی ضلعی انتظامیہ نے اسکینگ سمیت دیگر برفیلے کھیلوں کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر سوات محمود اسلم وزیر کا کہنا ہے کہ اسنو فیسٹیول کے موقع پرا سکینگ کھیل سکھانے کے ساتھ موسیقی کا اہتمام ہوگا، جس میں ملک بھر کے کھلاڑی اور گلوکاروں کو شرکت کی دعوت دی جارہی ہے ۔ اسکینگ کے مقابلے 8دن تک جاری رہینگے ۔ اس میں اسکینگ کےساتھ دیگر کھیلوں کو بھی شامل کردیا گیا ہے ۔ مالم جبہ اسکینگ فیسٹیول میں شرکت اور دیکھنے کیلئے ہر سال بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح یہاں آتے ہیں، جس کے باعث مقامی لوگوں کو روز گار ملنے کے ساتھ ساتھ معیشت کا پہیہ بھی چل پڑتا ہے ۔