پاکستان
11 فروری ، 2015

پنجاب اسمبلی :شاہ عبداللہ کے انتقال کی تعزیتی قرارداد منظور

پنجاب اسمبلی :شاہ عبداللہ کے انتقال کی تعزیتی قرارداد منظور

لاہور ...... پنجاب اسمبلی نے فرانسیسی جریدے میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کےخلاف مذمتی اورسعودی فرمانرواشاہ عبداللہ کےانتقال پر تعزیتی قرار متفقہ طورپر منظور کرلی ہے۔پنجاب اسمبلی کا اجلاسایک گھنٹہ 10منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ ایوان میں ایک قرارداد کے ذریعے فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی مذمت اور دوسری میں سعودی عرب کے شاہ عبداللہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ، پہلی قرار داد میں کہا گیا کہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں سخت غم ورنج اور اضطراب پایا جاتاہے ۔اقوام متحدہ انبیاء کرام کی شان میں گستاخی کے سدباب کیلئے قانون سازی کرے۔ ایوان نےسبزیوں پر مضرصحت سپرے پر پابندی اور نجی تعلیمی اداروں کا سالانہ آڈٹ کروانے اور ان پر ٹیکس لگانے کی قرادادیں بھی منظور کرلیں۔ پارلیمانی سیکرٹری بلدیات رمضان صدیق بھٹی نے بتایا کہ حلقہ بندیاں مکمل اور شیڈول جاری ہونے پر ایک ماہ کے اندر بلدیاتی انتخابات کرادیں گے۔ حکومتی رکن شیخ علاؤالدین نے نجی تعلیمی اداروں میں غریب طلبہ کے 10 فیصد کوٹے پر عملدرآمد نہ ہونے پرتنقید کی۔ اپوزیشن نے ان کے حق میں واک آ و ٹ بھی کیا۔قبل ازیں آزاد رکن احسن ریاض فتیانہ نے تین بار کورم کی نشاندہی کی ، اورحکومت بمشکل کورم پورا کرتی رہی۔ ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس بدھ کی صبح 10بجے تک ملتوی کردیا ۔

مزید خبریں :