14 فروری ، 2015
پشاور .....خیبر پختونخوا اور فاٹا میں 33 لاکھ بچوں کو پو لیو سمیت 9 مہلک بیماریوں سے بچانے کے پروگرام صحت کا اتحاد کا آغاز پشاور سے ہو گیا ہے، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بچوں کو ویکسین دے کر مہم کا آغاز کیا ۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن اتحاد کر چکے ہیں جسے فوج کی حمایت بھی حاصل ہے۔ پشاور کے سروسزاسپتال میں پروگرام کے افتتاح کے موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ کہ پولیو،کالی کھانسی خسرہ،تشنج،نمونیہ ،ٹی بی،خناق اور کالا یرقان بچوں کی قاتل ہیں۔ اس لیے انکے خلاف سیاسی اختلاف کے باوجود وفاقی حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔صحت کا اتحاد کے نام سے یہ پروگرام خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع اور فاٹا کی5 ایجنسیوں میں بیک وقت چلے گا ،جس کے دوران صوبہ اور فاٹا میں فوج سمیت تمام ایجنیساں الرٹ ہیں ،صحت کا اتحاد کے اس پروگرام کے تحت 12 اضلاع اور قبا ئیلی ا یجنسیوں میں فری میڈیکل کیمپ بھی لگائے جائینگے، جہاں بچوںکو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی ۔