20 فروری ، 2015
پشاور ......خیبرپختونخواکے وزیراعلی پرویزخٹک سینیٹ انتخابات میں اپنی جماعت تحریک انصاف کے اراکین کومتحدرکھنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔تحریک انصاف کی قیادت کواپنے 56ایم پی ایزمیں سے بمشکل صرف 20پر ہی اعتمادہے۔تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق سینیٹ انتخابات میں پارٹی کو مشکلا ت کا سامنا ہے ۔ جس کی وجہ وزیر اعلی پرویز خٹک کی ایم پی ایزکومتحد رکھنے میں ناکامی ہے ۔ پارٹی ذرائع کاکہناہے کہ تحریک انصاف کی قیادت کواپنے 56 اراکین اسمبلی میں بمشکل 20 کی وفاداری پرہی اعتماد ہے ۔اوراس سلسلے میں عمران خان کی ذاتی کوششیں بھی بے سود ثابت ہو رہی ہیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق 14 ناراض اراکین کے ہم خیال گروپ کو سنبھالنا بھی تحریک انصاف کیلئے امتحان بن گیا۔ادھر پارٹی کی جانب سے سینیٹ کے امیدواروں کے نام پر ناراضگی دیگرایم پی ایزکے اختلاف کی بڑی وجہ ہے ۔تحریک انصاف خیبرپختونخواکے ترجمان اشتیاق ارمڑکااس سلسلے میں کہناہے کہ ناراض اراکین کو جیل خانہ جات اور محکمہ جنگلات میں بھرتیوں پر اعتراض تھا۔ تاہم ایم پی ایز کی شکایات کا احساس کرتے ہوئے پرویز خٹک نے ناراض اراکین کے تحفظات دور کر دئیے ہیں۔