24 فروری ، 2015
بدین ....... ذائقہ دارکھانوں کی جان لال مرچ کی دانہ دانہ ،چنائی ایک مشکل کام ہے لیکن اس کی کاشت سندھ کی خواتین کے لئے ایک منافع بخش کاروبار بن گئی ہے۔ہری ڈالیوں پرسجے یہ سرخ دانےکوئی میٹھا پھل نہیں بلکہ وہ سرخ چھوٹی مرچ ہے جو آجکل سندھ کے اکثرعلاقوں کی اہم کاشت بن گئی ہے سرخ مرچ کھانے میں کتنی ہی تیکھی کیوں نہ ہو مگر اس کے کھیت دیکھنے والوں کے لئے دلفریب نظاروں سے کم نہیں ،فصل کو لگنے والے امراض نے اس سال مرچ کی پیداواری اوسط کو متاثر کیا ہے۔فصل کی کاشت پہ آنے والے کم اخراجات اور معقول قیمت خرید کے سبب بدین ،تھر پارکر ،عمرکوٹ اور میرپور خاص اضلاع میں مرچ کے زیر کاشت رقبے میں اضافہ ہوا ہے ۔کھیتوں سے مرچ کی دانہ دانہ چنائی اگرچہ ایک دشوار کام ہے مگر یہ فصل محنت کش خواتین کے لئے بہترین روزگار بھی بن گئی ہے۔کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ ماضی میں مرچ کی خرید و فروخت کے لئےسرکاری سطح پہ توجہ دی جای تھی مگراب اس فصل کو تاجروں کے رحم و کرم پہ چھوڑ دیا گیا ہے۔