01 مارچ ، 2015
کراچی.......کراچی میں سردی جا کر پھر لوٹ آئی۔خنک ہواوں نے موسم سہانا کردیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سردی میں شدت مزید 24 گھنٹے برقرار رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں سردی پھر پلٹ آئی۔ تیز ہواوں کے جھونکوں نے درجہ حرارت کو اٹھارہ ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچادیا۔ نیلگوں آسمان پر گہرے بادلوں نے ڈیرے ڈالے تو منچلے بھی ہلا گلا کرنے تفریحی مقامات پر پہنچ گئے۔سورج بھی بادلوں سے آنکھ مچولی کھیلتا دکھائی دیا۔ کہیں بوندا باندی تو کہیں ہلکی بارش نے چھٹی کا دن خوبصورت بنادیا۔موسم کی اس بدلی رت میں پھول و شجر سب ہی اپنے اپنے نکھرے رنگوں پر نازاں ہیں۔ شہری بھلے موسم کے بڑے مزے اٹھانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے دینے کو تیار نہیں ہیں۔