03 مئی ، 2012
گوجرانوالہ … گوجرانوالہ میں سیشن کورٹ کے بخشی خانہ میں قیدیوں کو باتھ روم سے پانی استعمال کرانے پر پولیس اور قیدیوں میں جھڑپ ہوئی جس میں متعدد قیدیوں کے سر پھٹ گئے۔ سیشن جج نے فوری نوٹس لیتے ہوے بخشی خانہ پر تعینات جوڈیشل گارڈ کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔ سیشن کورٹ کے بخشی خانہ میں اس وقت بھگدڑ مچ گئی جب بخشنی خانہ میں بند قیدی خواتین نے پولیس اہلکاروں سے سخت گرمی میں پانی مانگا تو پولیس والوں نے باتھ روم کا پانی ہی استعمال کرنے کا کہا جس پر بخشی خانہ میں بند قیدی خواتین اور مرد قیدیوں نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ جھگڑا شروع کر دیا، اس دوران پولیس اہلکاروں نے قیدیوں پر لاٹھیاں برسائیں۔ قیدیوں سے ملنے آئی خواتین نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کے تشدد سے نہ صرف بخشی خانہ میں بند خواتین کے سرپھٹ گئے ہیں بلکہ مرد قیدی بھی زخمی ہوگئے ہیں۔ اس واقعے کا سیشن جج قمر رشید نے فوری نوٹس لیتے ہوے معاملہ رفع دفع کروا دیا، فاضل جج نے بتایا کہ بخشی خانہ پر تعینات تمام پولیس اہلکاروں کو فوری تبدیل کر دیا گیا ۔