03 مئی ، 2012
مظفر آباد …قائد حزب اختلاف آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ ایک کرپٹ صدر کو بچانے کیلئے اداروں کو آمنے سامنے کھڑا کر دیا گیا ہے ، پیپلز پارٹی پر امن انتقال اقتدار کی قائل نہیں۔ اسمبلی اجلاس کے بعد اسمبلی کانفرنس ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے راجہ فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حا لات سے کشمیری لاتعلق نہیں رہ سکتے، کیوں کہ مضبوط پاکستان کشمیریوں کو آزادی دلا سکتا ہے جبکہ پیپلز پارٹی پاکستان کو روز بروز کمزور کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کرپٹ صدر کو بچانے کیلئے منتخب وزیر اعظم کو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کرکے مجرم بنا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پر امن انتقال اقتدار کی حامی نہیں اور اس تیسری قوت کو دعوت دے رہی ہے جس کا آئین میں تذکرہ نہیں۔