03 مئی ، 2012
کراچی … سپریم کورٹ نے خلاف ضابطہ ترقیوں پر چیف سیکریٹری سندھ کو وضاحتی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ کراچی رجسٹری سپریم کورٹ میں 2رکنی بینچ نے خلاف ضابطہ ترقیوں سے متعلق مقدمے کی سماعت کی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ ان میں کچھ ترقیاں قواعد کے مطابق کی گئی ہیں اور کچھ خلاف ضابطہ ترقیاں دی گئی ہیں۔ بینچ نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ واضح کریں کہ ترقیوں میں کون سی قواعد کے مطابق ہیں کتنے افسران کو قواعد کے خلاف اور کتنی مرتبہ ترقی دی گئی۔ بعد میں عدالت نے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کردی۔ گزشتہ سماعت پر پولیس کی جانب سے خلاف ضابطہ ترقی پانے والے 4 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں کی فہرست پیش کی گئی تھی جس میں 56 پولیس افسران گریڈ 18 اور زائد گریڈ کے ہیں۔