11 جنوری ، 2012
اسلام آباد…پیپلزپارٹی کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے بدھ کی شام جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔وفد میں وفاقی وزراء سیدخورشید شاہ، نوید قمر اور پارٹی رہنماء راجا پرویز اشرف شامل تھے۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ آرمی چیف اپنی مدت پوری کریں گے ،آئین کے تحت وزیر اعظم کو دوسری باراعتماد کا ووٹ لینے کی ضرورت نہیں ،پاکستان کے عوام اداروں کا ٹکراو برداشت نہیں کرینگے ، سیاسی جماعتوں سے رابطے کرنا ہمارا حق اور فرض ہے ، مسلم لیگ(ن)کی قیادت سے بھی رابطہ کیاہے،تمام سیاسی جماعتوں کواعتماد میں لیناچاہتے ہیں، وزیر اعظم نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا جس سے ٹکراوکی صورتحال پیداہو، حکومت پہلے دن سے ٹکراوکی سیاست نہیں چاہتی،اس موقع پر موجود راجہ پرویز اشر ف نے کہا کہ حکومت تصادم کاراستہ اختیار کرنا نہیں چاہتی ، تاہم انھوں نے ڈی جی آئی ایس آئی کی برطرفی کے سوال کاجواب دینے سے گریزکیا اور کہا کہ میرے پاس ایسی کوئی معلومات نہیں، سیکریٹری دفاع کو برطرف کرنا معمول کی بات ہے، مولانا فضل الرحمان سے معمول کی ملاقات تھی،سیاستدانوں کے درمیان رابطے جمہوریت کیلیے اہم ہیں ،صدریا آرمی چیف کی ملاقات معمول کی بات ہوگی۔