12 مارچ ، 2015
اسلام آباد........ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کےعہدے کے لیے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری منتخب ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد پریذائیڈنگ افسر اسحاق ڈار نے مولانا عبدالغفور حیدری کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے 96ووٹ ڈالے گئے، مولاناعبدالغفورحیدری نے74ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابل پی ٹی آئی کےشبلی فراز نے 16ووٹ حاصل کیے۔ مولانا عبدالغفور حیدری سے اسحاق ڈار نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا حلف لیا۔مولاناعبدالغفورحیدری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد ڈپٹی چیئرمین منتخب کرنے پر تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت ممنون حسین کے آذربائیجان کے دورے پر ہونے کی وجہ سے نومنتخب چیئرمین سینیٹ رضا ربانی قائم مقام صدر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری نے قائم مقام چیرمین سینیٹ کا منصب سنبھال لیا۔