13 مارچ ، 2015
راولپنڈی........ٹلہ فائرنگ رینج میں تاریخ رقم کردی گئی،مکمل طور پر ملک میں تیار کیے گئے بمبار ڈرون طیارے براق کی کامیاب اڑان نے ملکی دفاع کو نئے افق پر پہنچادیا۔ اس ٹیسٹ فائر کے موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف خود موجود تھے جنہوں نے ڈرون کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے پہلے اس کے آپریشن کا جائزہ لیااور پھر مہارت کے اس شاندار نمونے پر سائنسدانوں، انجینئرز اور پوری قوم کو مبارک باد دی۔امریکا،اسرائیل اور روس کے بعد پاکستان دنیا کا چوتھا ملک بن گیا،جو ڈرون طیارے کی مدد سے زمین پر موجود اپنے ہدف پر سو فیصد صحیح نشانہ لگا سکتا ہے۔ 20سے 22ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرنے والا براق اپنے ہدف پر عقاب کی نظر رکھتا ہے،ایک بار جو ٹارگٹ ڈرون کے کیمرے میں لاک ہوجائے ،تو اس کا بچنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔ اشارے کا منتظر، براق سے برق رفتاری سے فائر ہونے والا لیزر گائیڈڈ میزائل برق،اپنے ہدف کو بھسم کرکے رکھ دے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ ڈرون طیارے سے فائر ہونے والے برق میزائل کے لیے ہدف کے ساکت یا حرکت میں ہونے کی کوئی قید نہیں، ہدف کوئی بھی ہو چلتی ہوئی گاڑی یا دہشت گردوں کی کمین گاہ،لیزر بیم گائڈڈ میزائل کو کوئی دھوکا نہیں دے سکتا۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے قوم کو اس کامیاب تجربے پر مبارک باد دیتے ہوئے اسے ایک قومی تاریخی کامیابی قرار دیا،ساتھ ہی یہ پیغام بھی دیا کہ اپنے اپنے شعبوں میں پاکستانیوں کو آگے بڑھنا ہے۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سائنسدانوں اور انجینئرز کی ان تھک کوششوں سے دفاعی صلاحیت بڑھ گئی ہے، اب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی مدد ملے گی۔