Time 25 جون ، 2025
کھیل

باکسنگ فیڈریشن کے سابق عہدیداران پر تاحیات پابندی اور 10 لاکھ جرمانے کا فیصلہ معطل

باکسنگ فیڈریشن کے سابق عہدیداران پر تاحیات پابندی اور 10 لاکھ جرمانے کا فیصلہ معطل
عدالت نے ہدایت کی کہ تمام فریقین کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے/ فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سابق صدر خالد محمود اور سابق سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد ناصر اعجاز پر تاحیات پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانے کے فیصلے کو معطل کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے  پابندی اور جرمانے کے فیصلے کو عبوری طور پر معطل  کرتے ہوئے معاملہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے آئین کی شق 23 کے تحت قائم کردہ ایڈجوڈیکیٹرز پینل کو بھجوا دیا ہے۔

جسٹس ارباب طاہر نے تحریری فیصلے میں لکھا کہ چونکہ پی ایس بی کے آئین میں اپیل کا مؤثر فورم موجود ہے، لہٰذا براہ راست عدالت میں رٹ دائر کرنا قبل از وقت ہے۔

 عدالت نے ہدایت کی کہ تمام فریقین کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔

دوران سماعت پاکستان اسپورٹس بورڈ کے لیگل ایڈوائزر سیف الرحمان راؤ نے مؤقف اپنایا کہ پی ایس بی کے آئین کے مطابق ایڈجوڈیکیٹرز پینل کے پاس اپیل کا فورم موجود ہے اور فریقین کو چاہیے کہ وہ اسی فورم سے رجوع کریں۔

پی ایس بی کی جانب سے عدالت کو یقین دلایا گیا کہ پینل آف ایجوڈیکیٹر کا فیصلہ خواہ پی ایس بی کے حق میں ہو یا خلاف، اسے مکمل طور پر تسلیم اور نافذ کیا جائے گا، غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لیے ابتدائی انکوائری میں شامل کسی رکن کو پینل کا حصہ نہیں بنایا جائے گا اور پینل کی کارروائی آزادانہ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے ہوگی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ حتمی فیصلے تک 27 ستمبر 2024 کو جاری کردہ تاحیات پابندی اور جرمانے کا نوٹیفکیشن معطل رہے گا تاکہ ایڈجوڈیکیٹرز پینل مؤثر انداز میں کارروائی کر سکے۔

معاملے کا پس منظر  کیا ہے؟

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب فروری 2024 میں اٹلی میں ایک باکسنگ ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان نیوی کے باکسر ذوہیب رشید پر برطانوی نژاد پاکستانی باکسر لورا اکرم کے ہوٹل روم میں داخل ہو کر نقدی اور پاسپورٹ چوری کر کے فرار ہونے کا الزام سامنے آیا تھا ۔

اس واقعے کے بعد پی ایس بی نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے دونوں عہدیداروں کو واقعے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان پر پابندی عائد کردی تھی۔

مزید خبریں :