17 مارچ ، 2015
کراچی........امتحانات کے پورے عمل کو شفاف بنانے، نقل کے رجحان کو ختم کرنے اور امتحانی کاپیوں کی معروضی جانچ کرنے کی غرض سے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ منگل 17مارچ کو ایک روزہ ورکشاپ منعقد کررہا ہے۔ ورکشاپ گورنمنٹ عبداللہ گرلز کالج، نارتھ ناظم آباد میں صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوگی۔ جس کی صدارت اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اور سندھ آئی بی سی سی کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی کریں گے جبکہ ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی، ڈائریکٹر جنرل کالجز ڈاکٹر ناصر انصار، ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوٹس اور اسکولز ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی،ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین فصیح الدین، سیکریٹری بورڈ قاضی ارشد حسین کے علاوہ سینئر ایگزامنرز، پیپر سیٹرز، ماڈریٹرز، ٹیبولیٹرز اور ماہرین تعلیم شرکت کریں گے۔ اِس موقع پر امتحانی پرچوں میں جدید تبدیلی لانے اور انہیں معروضی اور مختصر سوالات پر مشتمل کرنے کے لئے متعلقہ افراد اور عملے کو سائنسی خطوط پر تربیت فراہم کی جائے گی اور اس مقصد کے لئے اساتذہ اور سینئر پروفیسرز کی بھی رائے لی جائے گی۔ اپنی نوعیت کی یہ منفرد ورکشاپ تاریخ میں پہلی بار منعقد کی جارہی ہے جس میں افتتاحی سیشن کے بعد نو مضامین کے لئے الگ الگ ورکنگ سیشن ہوں گے جن میں فزکس، کیمسٹری، بیالوجی، ریاضیات، کامرس کے مضامین، مطالعہ پاکستان، اسلامیات، اُردو، سندھی اور انگریزی زبانوں کے پرچے تیار کرنے کے رہنما اصول بنائے جائیں گے تا کہ رٹنے کی بجائے طلبہ کی تخلیقی اور تجسس پر مشتمل صلاحیتوں کو جانچا جاسکے۔ ورکشاپ کی رپورٹ کو حتمی شکل دینے سے قبل گزشتہ برسوں کے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات سے بھی مشورہ کیا جائے گا جس کے بعد اسے رپورٹ کی شکل میں صوبائی محکمہ تعلیم اور وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کو ارسال کیا جائے گا اور اپریل میں ہونے والے امتحانی پرچوں کی تیاری اس کی روشنی میں کی جائے گی۔ ورکشاپ شام 5بجے تک جارہی رہے گی۔