17 مارچ ، 2015
اسلام آباد......وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے قومی اسمبلی کو بتایاہے کہ سانحہ یوحنا آباد اور اس کےردعمل میں مجموعی طور پر اکیس افراد جاں بحق ہوئے، مشتعل افراد کے ہاتھوں جلایا گیا شخص محمد نعیم ابھی تک کی معلومات کے مطابق بےقصور تھا ، سانحہ کے بعد ہونے والا ردعمل بھی بد ترین دہشت گردی ہے ۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے بتایاکہ سانحہ یوحنا آباد میں اور اس کےبعد ہونے والے احتجاج کے دوران کل اکیس افراد جاں بحق ہوئے، ان میں خودکش حملے سے دس مسیحی اور پانچ مسلمان ، دھماکے کے زخمیوں میں سے دو افراد ، جلائے جانے والے دو افراد اور خاتون کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے دو افراد شامل ہیں۔چودھری نثار علی خان کا کہنا تھاکہ سانحہ تو بد ترین دہشت گردی ہے ہی لیکن اس کے بعد ہونے والا پرتشدد مظاہرہ بھی بد ترین دہشت گردی ہے ۔