04 مئی ، 2012
کراچی … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے کہتا ہوں کہ رینجرز کی چوکیوں میں اپنے آپ کو حوالے کردیں، یہ دہشت گرد کل پورے پاکستان کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں، لیاری میں جو ہتھیار ڈالے گا اس کے ساتھ نرمی برتی جائے گی، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر آپریشن 48 گھنٹوں کیلئے بند کیا گیا ہے۔کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا ہے کہ میں یہ ثابت کرونگا کہ یہ 10 افراد پورے لیاری کو یر غمال نہیں بناسکتے، ہماری امن کی پیشکش کا جواب ان جرائم پیشہ افراد نے راکٹ حملوں سے دیا، دہشت گردوں سے کہتا ہوں رینجرز کی چوکیوں میں اپنے آپ کو حوالے کردیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جوائنٹ آپریشن کب شروع ہوگایہ نہیں کہہ سکتا لیکن جلد ایسا ہوسکتاہے، لیاری میں جو ہتھیار ڈالے گا اس کے ساتھ نرمی برتی جائے گی۔ رحمان ملک نے کہا کہ لیاری آپریشن انسانی ہمدردی کی بنا پر 48 گھنٹوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا، عوام کو لیاری کے جرائم پیشہ عناصر کے چہروں کا پتا چلنا چاہئے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ یہ دہشت گرد کل پورے پاکستان کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں، پولیس کو کہا ہے کہ پوزیشن مضبوط کریں اور اگلی ہدایت کا انتظار کریں۔