پاکستان
04 مئی ، 2012

حسین حقانی پاکستان نہیں آتے تضحیک آمیز بیانات دیتے ہیں، اکرم شیخ

حسین حقانی پاکستان نہیں آتے تضحیک آمیز بیانات دیتے ہیں، اکرم شیخ

اسلام آباد … میمو گیٹ اسکینڈل کے مرکزی کردار منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ میمو کمیشن میں حسین حقانی کی تحریر کردہ کتابیں پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسین حقانی نے پاکستان آکر بیان ریکارڈ کرانے کی زحمت نہیں کی لیکن ٹی وی پر تضحیک آمیز بیانات دیتے ہیں جبکہ زاہد حسین بخاری کا کہنا ہے کہ حقانی نے کمیشن کی تضحیک نہیں کی۔ اسلام آباد میں میمو کمیشن کا اجلاس جسٹس فائز قاضی عیسیٰ کی زیر صدارت جاری ہے۔ منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ نے میمو کمیشن میں حسین حقانی کی تحریر کردہ کتابیں پیش کیں، جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پوچھا کہ کیا یہ کتابیں حسین حقانی نے لکھیں؟۔ زاہد حسین بخاری نے جواب دیتے ہوئے کمیشن کو بتایا کہ جی ہاں یہ کتابیں حسین حقانی کی ہیں انہوں نے یہ کتابیں مارشل لاء کے ادوار میں لکھیں۔ اکرم شیخ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حسین حقانی نے پاکستان کی سلامتی کے اداروں کے بارے میں منفی باتیں لکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حسین حقانی نے پاکستان آکر بیان ریکارڈ کرانے کی زحمت نہیں کی، وہ پاکستان نہیں آتے لیکن ٹی وی پر تضحیک آمیز بیانات دیتے ہیں۔ اکرم شیخ کے دلائل کے جواب میں حسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری کا کہنا تھا کہ حقانی سے میری بات ہوئی ہے، انہوں نے کمیشن کی تضحیک نہیں کی۔

مزید خبریں :