05 مئی ، 2012
کوئٹہ ... بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراخترجان مینگل نے لیاری آپریشن کوبلوچ نسل کش پالیسیوں کاتسلسل قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پیپلزپارٹی نے بلوچوں کے قتل عام کواپناوطیرہ بنارکھا ہے اپنوں کے جنازے اٹھانیوالوں کے ہاتھ جلدحکمرانوں کی گردنوں تک پہنچ جائینگے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں اسلم کردکی یادمیں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔سردار اختر جان مینگل نے لیاری میں آپریشن کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بلوچوں کے خون سے ہاتھ رنگے ہیں لیاری کے غیور بلوچوں نے پیپلزپارٹی کو اس وقت سہارادیا جب لوگ پیپلزپارٹی کانام لینے سے خائف تھے مگر پیپلزپارٹی کے ہی دور اقتدار میں لیاری آپریشن حکمرانوں کی جانب سے غیور بلوچوں کو ان کی وفاداری کا صلہ ہے۔انہوں نے بلوچستان میں مبینہ ظلم جبراور استحصالی پالیسیوں پر میڈیا کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ الیکٹرانک میڈیا کا کردار جانبدارانہ ہے ہم میڈیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی صحافتی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے بلوچستان کے محکوم عوام کی آواز بلند کریں۔