01 مئی ، 2025
جیو کے معرکۃ الآرء سیریل ”تیرے بن“نے اسٹائل ایوارڈ کا میلہ لوٹ لیا۔
تفصیلات کے مطابق جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ”تیرے بن“ نے ناظرین کے دل جیت کر بہترین ڈرامے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
جیو ٹی وی کے ڈرامے نے اسٹائل ایوارڈ میں مجموعی طور پر 4 ایوارڈز اپنے نام کیے۔
ڈرامے کی مرکزی اداکارہ یمنیٰ زیدی نے بہترین اداکارہ،وہاج علی نے بہترین ٹی وی اداکار اور ڈرامہ سیریل ”تیرے بن“ کے مشہور گانے ”کیا ہوتی ہے بے وفائی“ کو بہترین او ایس ٹی ایوارڈ دیا گیا۔
اس گیت کو صابر ظفر نے لکھا جسے شانی ارشد نے اپنی دِل چھولینے والی آواز اور دھن میں ترتیب دیا۔
نوراں مخدوم کی تحریر، سراج الحق کی ہدایات اور پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے بینر تلے تخلیق کئے گئے سیریل ”تیرے بن“ کی شاندار فتوحات اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ صرف نا صرف ریٹنگز میں سرفہرست رہا بلکہ ناظرین کے دلوں میں آج بھی اپنی محبت تقسیم کررہا ہے۔
اداکاری، ہدایت کاری اور موسیقی کے حسین امتزاج نے اس ڈرامے کو بلاشبہ ناظرین کیلئے یادگار ڈرامہ بنا دیا ہے۔
سیریل میں بشریٰ انصاری، سہیل ثمیر، حرا سومرو، فضیلہ قاضی، فرحان آغا، حارث وحید، سیمی پاشا، محمود اسلم اور آغا مصطفی نے بھی یادگار پرفارمنس دی جو آج بھی عوام کے ذہنوں میں تازہ ہے۔