05 مئی ، 2012
اسلام آباد… عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق ، گزشتہ دو سال میں بجلی کی قیمت میں 75 فی صد اضافہ کیا گیا ہے اور توانائی کے بحران کی بنیادی وجہ، بجلی چوروں کے خلاف بے بسی ہے۔ اسلام آباد سے جاری ہونے والی پاکستان کے لیے عالمی بینک رپورٹ برائے کارکردگی کے مطابق پا نی سے بجلی کی تیاری کی گنجائش 40 ہزار میگا واٹ ہے اور صرف ساڑھے چھ ہزار میگا واٹ بجلی بنائی جاتی ہے۔ پانی سے بجلی تیاری گنجائش کا صرف 15 فی صد ہے جبکہ 85 فی صد گنجائش استعمال نہیں ہوتی۔ رپورٹ کے مطابق توانائی کا بحران معیشت کو 2 فی صد سالانہ نقصان کا باعث ہے۔ توانائی بحران کی بنیادی وجہ تیل سے مہنگی بجلی تیار کرنا ہے اور بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جائے۔ رپورٹ کے مطابق 32 کھرب مکعب فٹ گیس کے ذخائر دریافت ہی نہیں ہوسکے جبکہ 35کروڑ بیرل تیل کے ذخائر بھی دریافت نہیں ہوسکے۔