پاکستان
05 مئی ، 2012

سندھ کی قوم پرست جماعتیں بھی لیاری آپریشن کیخلاف میدان میں

سندھ کی قوم پرست جماعتیں بھی لیاری آپریشن کیخلاف میدان میں

کراچی…سندھ کی قوم پرست جماعتیں بھی لیاری آپریشن کے خلاف میدان میں آگئی ہیں،کراچی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ لیاری کی عوام کو آپریشن کے ذریعے سیاسی یرغمال بنایا جارہا ہے،حکمرانوں یہ جان لو کہ تشدد تشدد ہی رہے گا اور امن امن رہے گا۔کراچی پریس کلب کے باہر لیاری میں پولیس آپریشن کے خلاف سندھ کی قوم پرست جماعتوں جئے سندھ قومی محاز اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے تحت احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی کی سیاست کو دہشتگردی کے ذریعے یرغمال بنادیا گیا ہے،یہ کوئی پہلی دفعہ نہیں ہوا ہے، پیپلز پارٹی لیاری مینڈیٹ کے ساتھ جو کررہی ہے وہ قابل مذمت ہے،جلال محمود شاہ کا کہنا تھا کہ جب تک ان سے ووٹ کے ذریعے جان نہیں چھڑائی جائے گی وہ نہیں سمجھیں گے،تاہم ہم لیاری کے لوگوں کے مارے جانے پر خاموش تماشائی نہیں بنیں گے۔اس سے قبل مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ، قائم مقام چیئرمین جسقم نیاز کالانی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صرف عوام کے مسائل میں اضافہ کرنا جانتی ہے،حکومت لیاری والوں سے کھلے عام معافی مانگ کر ان کی پریشانیوں کا ازالہ کرے، ان کا کہنا تھا کہ بلوچوں اور سندھیوں کی نسل کشی ہورہی ہے،ہم بلوچوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور لیاری میں پولیس آپریشن کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

مزید خبریں :