31 مارچ ، 2015
نئی دہلی .......بھارتی سپریم کورٹ نےبابری مسجد شہادت کیس میں مجرمانہ سازش کے الزام سے بریت کیخلاف اپیل پر بی جے پی کے رہنما ایل کے ایڈوانی اور دیگر سے جواب طلب کرلیا ہے ۔اپیل حاجی محبوب احمد نے دائر کی ہے جو بابری مسجد شہادت کیس میں درخواست گزار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مرکز میں بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد ایڈوانی اور دیگر ملزموں کیخلاف سی بی آئی اپنا موقف تبدیل کرسکتی ہے ۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے ایڈوانی اور دیگر کو مجرمانہ سازش کے الزام سے بری کرنے کا فیصلہ دیا ہے جس کیخلاف سی بی آئی سپریم کورٹ میں جاچکی ہے ۔ لیکن اب تک فیصلے کیخلاف اپیل دائر نہیں کی گئی ۔ آج سپریم کورٹ میں مختصر سماعت کے دوران سی بی آئی نے اپیل دائر کرنے کے معاملے میں تاخیر پر نیا حلف نامہ داخل کرنے کیلئے مہلت کی درخواست کی ۔ سپریم کورٹ نے درخواست منظور کرتے ہوئے سی بی آئی کو 4 ہفتوں کا وقت دیدیا ہے ۔