06 مئی ، 2012
ملاکا … جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر ہوگیا، قومی ٹیم نے 2 مرتبہ برتری حاصل کی، لیکن اختتام تک اس برتری کو قائم نہ رکھ سکی۔ ملائیشیا کے شہر ملاکا میں جاری ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں پاکستان نے پانچویں منٹ میں دلبر حسین کے گول کے ذریعے برتری حاصل کی،لیکن 20 ویں منٹ میں بھارت نے پنالٹی کارنر پر مقابلہ برابر کر دیا۔ ہاف ٹائم پر مقابلہ ایک ایک گول سے برابر تھا۔ دوسرے ہاف کے 8 ویں منٹ میں پاکستان کے محمد عرفان نے پنالٹی کارنر کے ری باؤنڈ پر گول کرکے پاکستان کو ایک مرتبہ پھر برتری دلا دی تاہم بھارت نے 58 ویں منٹ میں مقابلہ برابر کردیا۔ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں چین نے سری لنکا 5-0 سے شکست دی۔ ایونٹ میں کل پاکستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گا۔