14 اپریل ، 2015
لندن........ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین منی لانڈرنگ کیس میں آج لندن کے پولیس اسٹیشن میں پیش ہوں گے۔متحدہ کے قائد کا کہنا ہے کہ اللہ کا نام لے کر جاؤں گا ، آگے اس کی مرضی۔الطاف حسین کو تین جون دوہزار چودہ کو منی لانڈرنگ کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا اور ضمانت پر رہائی دی گئی۔ الطاف حسین کی ضمانت کی مدت آج ختم ہورہی ہے، الطاف حسین اپنے وکلا کے ساتھ میٹروپولیٹن پولیس کے سامنے پیش ہوں گے جہاں ان کا انٹرویو لیا جائے گا۔ گزشتہ شب کارکنوں سے ٹیلی فونک خطاب میں الطاف حسین نے پیشی کی تصدیق کی اور کہا کہ اللہ کا نام لے کر جائیں گے ، آگے اس کی مرضی ۔ حلقہ این اے 246 کے انتخابات سے متعلق ایم کیو ایم کے قائد نے کارکنوں کو ہدایت دی کہ الیکشن پرا من بنانا ہے ۔دوسری جانب ترجمان ایم کیو ایم نے لندن پولیس اسٹیشن جانے سے متعلق واضح کیا ہے کہ الطاف حسین پہلے سے طے شدہ اپائمنٹ کے تحت جائیں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ایم کیوایم منی لانڈرنگ کے الزام کی سختی سے تردیدکرتی ہے۔