19 اپریل ، 2015
کراچی .....ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک ہے ۔حیدرآبادمیں درجہ حرارت 46ڈ جبکہ سکھر اورنواب شاہ میں 45ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا۔ ادھر مالاکنڈ ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ جبکہ آزادکشمیر میں ہلکی بار ش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیاہے۔سندھ بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔گرمی بڑھتے ہی برف اور ٹھنڈے مشروبات کی مانگ اوردام دونوں بڑھ گئے ہیں ۔آج سب سے زیادہ درجہ حرارت حیدرآبادمیں 46سینٹی گریڈ،سکھر اورنواب شاہ میں 45بہاولپورمیں 44ملتان میں 40جبکہ کراچی اورلاہور میں 36ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔پنجاب اور بلوچستان کے علاقوں میں بھی گرمی اپنا رنگ جما رہی ہے ،دن میں بازاروں اور سڑکوں پر سناٹا رہتا ہے ۔مالاکنڈ ایجنسی میں سوات، شانگلہ ،اپر اور لوئر دیر سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔آزاد کشمیر میں صبح ہلکی بارش کے بعد بادل چھائے ہوئے ہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن ،پشاور، کوہاٹ، مردان، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور کچھ مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔