07 مئی ، 2012
کراچی … وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ لیاری میں پولیس اور معصوم شہریوں کے قتل کی تحقیقات کرارہے ہیں، لیاری پیپلز پارٹی کا گڑھ تھا ور رہے گا،جو دوست ناراض ہیں ان کو منالیں گے۔ وزیراعلیٰ ہاوٴس کراچی میں ضلع نوشہرو فیروز سے تعلق رکھنے والے سندھ کے سابق وزراء سید مراد علی شاہ، اصغر علی شاہ اور کنڈیارو کے سابق تعلقہ ناظم سرفراز شاہ اور نوابشاہ سے جنید شاہ کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے سلسلے میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ لیاری میں جو دوست اور بھائی ناراض ہیں ان کو منالیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ لیاری میں جو بے گناہ افراد مارے گئے ان کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے فی کس جبکہ شدید زخمی ہونے والوں کو 2 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مخالف جماعتوں کی ریلیاں بھی ہماری مقبولیت کا ثبوت ہیں، تاہم اگر کوئی اور مارچ کرے گا تو ہم بھی کریں گے ، وہ اسلام آباد تک جاتے ہیں ہم لاہور تک جائیں گے۔