07 مئی ، 2012
اسلام آباد … الیکشن کمیشن پاکستان نے قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں، پیپلزپارٹی کے نور عالم خان 32 ارب روپے کے ساتھ امیر ترین جبکہ جمشید دستی غریب ترین رکن قومی اسمبلی ہیں، ان کے پاس جائیداد ہے نہ ہی بینک بیلنس۔ الیکشن کمیشن کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے کل اثاثے 2 کروڑ 35 لاکھ مالیت کے ہیں اور ان کے پاس کوئی ذاتی گاڑی نہیں ہے، وزیراعظم کے اکاوٴنٹس میں 92 لاکھ روپے موجود ہیں۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اثاثے 50 لاکھ روپے مالیت کے ہیں ان کے پاس بھی ذاتی گاڑی نہیں ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار 940 کنال اراضی اور 6 پلاٹوں کے مالک ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 21 کروڑ روپے ہے ان کی اہلیہ نصرت شہباز 26 کروڑ روپے جبکہ دوسری اہلیہ تہمینہ درانی کے پاس 99 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں۔ مونس الٰہی کے اثاثوں کی مالیت 30 کروڑ روپے سے زائد ہے اور ان کے پاس کوئی ذاتی گاڑی نہیں ہے۔ وزیراعظم کے بیٹے عبدالقادر گیلانی کے اثاثوں کی مالیت ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کے 3 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں اور ان کے پاس 1988ء ماڈل کی 5 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی ہے۔