کاروبار
07 مئی ، 2012

چین کے تعاون سے بجلی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے، نوید قمر

چین کے تعاون سے بجلی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے، نوید قمر

اسلام آباد … وفاقی وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر نے کہا ہے کہ چین نے 5 ارب ڈالر کی لاگت سے کراچی میں آئل ریفائنری کے قیام میں دلچسپی ظاہر کی ہے جبکہ چین کی معاونت سے پاکستان میں کئی ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی اسلام آباد میں توانائی پر بنائے گئے پاک چائنا ورکنگ گروپ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کیلئے آئے چینی وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ پاکستان اور چین کے درمیان توانائی پر مشترکہ ورکنگ گروپ کے باضابطہ مذاکرات کل ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان چین سے کہے گا کہ وہ نیلم جہلم ہائیڈروپاور منصوبے کیلئے روکے گئے 44 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی رقم جاری کرے۔ نوید قمر نے مزید بتایا کہ کل دونوں ممالک کے درمیان شروع ہونے والے مذاکرات میں چین سے دیامیر بھاشا ڈیم، بنجی ہائیڈرو پاور منصوبے، کوہالہ، نندی پور سمیت ونڈ پاور منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چین کے اورینٹ گروپ نے پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی لاگت سے ریفائنری لگانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ وفاقی وزیر نوید قمر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں توانائی کی قلت ہے، جہاں سے بھی سرمایہ کاری آئے خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین دنیا کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں زیادہ دلچسپی رکھتا ہے۔ توانائی پر ہونے والے پاک چائنا مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس میں چینی وفد کی نمائندگی نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن کے چیف انجینئر وو جوئی ہوئی کر رہے ہیں ۔

مزید خبریں :