24 اپریل ، 2015
کراچی.....این اے 246 کے ضمنی انتخابات کے نتائج کے مطابق 95ہزار 644ووٹ لے کر ایم کیو ایم کے کنور نوید کامیاب رہے۔ ضمنی انتخاب میں کل ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 31ہزار 424رہی۔ ٹرن آؤٹ میں 14اعشاریہ91 فیصد کمی ہوئی۔2013ءکے عام انتخابات میں حلقہ این اے 246 میں مجموعی طور پر 189405 ووٹ ڈالے گئے تھے اور ووٹنگ کا تناسب 51اعشاریہ63 فیصد رہا تھا۔ 23اپریل 2015ء کے ضمنی انتخاب میں ایک لاکھ 31ہزار 424 ووٹ ڈالے گئے اور ووٹنگ کا تناسب 36 اعشاریہ سات دو فیصدرہا۔پہلے کی نسبت اس بار 57 ہزار 981 ووٹ کم پڑے یعنی ٹرن آؤٹ میں 14اعشاریہ91 فی صد کمی، جس کا اثر پارٹیوں کے مجموعی ووٹوں میں بھی کمی کی صورت میں سامنے آیا۔ 2013ءکے عام انتخابات میں ایم کیو ایم نے 137874 ووٹ لیے، اور کل حاصل ووٹوں کی تعداد 95ہزار 644 ہے،تحریک انصاف نے دو سال پہلے 31875 ووٹ حاصل کیے جو اب 24ہزار821 ہوگئے ہیں۔ جماعت اسلامی نے 2013ءمیں 10321 ووٹ حاصل کیے تھے جو اس بار 9ہزار56 ہوگئے۔ اگر ان تینوں پارٹیوں کی کارکردگی کا الگ الگ جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ 2013ءمیں ایم کیو ایم نے درست ووٹوں میں سے 73اعشاریہ98 فی صد ووٹ حاصل کیے تھے، جو اب معمولی کمی کے ساتھ 73اعشاریہ40 فیصد رہے۔ تحریک انصاف نے پچھلی مرتبہ درست ووٹوں میں سے 17اعشاریہ10 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے جو اس مرتبہ بڑھ کر 19اعشاریہ04 فیصد ہو گئے۔ جماعت اسلامی نے پچھلی مرتبہ درست ووٹوں میں سے 5اعشاریہ53 فیصد ووٹ لیے اور دن دو بجے الیکشن کا بائیکاٹ کر دیا۔ اس مرتبہ اس کے ووٹ بڑھ کر 6اعشاریہ95 فیصد ہو گئے۔ 2013ء میں اگر تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے ووٹوں کو ملایا جاتا تو وہ ایم کیو ایم کے 73اعشاریہ98 فی صد ووٹوں کے مقابلے میں 22اعشاریہ64 فیصد رہے تھے۔ اس مرتبہ ایم کیو ایم کے 73اعشاریہ40 فیصد ووٹوں کے مقابلے میں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے ووٹ ملائے جائیں تو وہ بڑھ کر پورے 26فیصد ہو گئے۔