26 اپریل ، 2015
اسلام آباد.......خیبرپختونخوا کے مختلف شہر اور خیبر ایجنسی میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے،آندھی سے متعدد کچے مکانات کی دیواریں ،سائن بورڈز اور درخت گر گئے۔خیبر پختونخوا کے شہر سوات،نوشہرہ،ایبٹ آباد سمیت دیگر علاقوں میں شام ڈھلتے ہی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا،نوشہرہ کے علاقے اکبر پورہ میں بارش اور تیز آندھی کے باعث متعدد کچے گھروں کی دیواریں گر گئیں، باجوڑ اور خیبر ایجنسی میں بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آیندہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ،خیبر پختونخوا ،اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔جبکہ پیر اور منگل کو سندھ،پنجاب اور بلوچستان کے متعدد شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے ۔