26 اپریل ، 2015
اسلام آباد......تحریک انصاف کے یوتھ کنونشن کے دوران کرسیاں اور لاٹھیاں چل گئیں۔نوجوان کارکنوں نے گھونسوں اور مکوں سے ایک دوسرے کی خوب خبر لی۔اسلام آباد میں تحریک انصاف کے یوتھ کنونشن میں عمران خان کی موجودگی کے دوران پنڈال شدید بد نظمی کا شکار ہو گیا جب کارکنوں کرسیاں لے کر ایک دوسرے پر چڑھ دوڑے۔بد نظمی بلدیاتی انتخابات سے متعلق پارلیمانی بورڈ کے فیصلوں کے معاملے پر پوسٹر آویزاں کرنے پر ہوئی۔ پوسٹر آویزاں کرنے سے روکنے پر کارکن ایک دوسرے کے ساتھ گتھم گتھا ہو گئے، گریبان پکڑ لیے اور جھنڈے لہرانے کے کام آنے والے ڈنڈے بھی ایک دوسرے پر چلائے گئے۔کارکنوں نے تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ بعد میں کچھ کارکنوں نے بیچ بچاو کرایا، تحریک انصاف کا کوئی سینئر رہنما غصے سے لال پیلے ہونے والے کارکنوں کی نہ تو بات سننے آیا نہ ہی جھگڑا ختم کرانے کو پہنچا۔