پاکستان
08 مئی ، 2012

کوئٹہ: جاں بحق ہونیوالے ایس پی سی آئی ڈی کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

کوئٹہ …کوئٹہ میں آج صبح فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ایس پی سی آئی ڈی محمد شاہنواز کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔ایس پی سی آئی ڈی محمدشاہنواز آج صبح سیٹلائٹ ٹاوٴن کے علاقے میں واقع مقامی مسجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعدمعمول کے مطابق واک کے لئے نکل گئے، وہ سیٹلائٹ ٹاون کے قریب واک کررہے تھے کہ ژ وب روڈ پر واقعہ بڑیچ پل کے قریب موٹرسائیکل سوار پر دونامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، ان کی لاش کو سول اسپتال پہنچادیاگیا اور بعد میں ضروری کارروائی کے بعد اسے ورثاء کے حوالے کردیاگیا، ایس پی سی آئی ڈی محمد شاہنواز کا شمار محکمہ پولیس کے سینئر افسران میں ہوتا تھا، بعد ازاں ان کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں کمشنر کوئٹہ قمبر دشتی، آئی جی پولیس، راو امین ہاشم سمیت پولیس کے سینئر افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر آئی جی پولیس نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ایس پی سی آئی ڈی کے قتل کی تحقیقات کی جارہی ہیں تاہم اب تک کوئی اہم شواہد سامنے نہیں آئے، انہوں نے کہا کہ سی آئی ڈی افسران اہم کیسز پر کام کرتے ہیں ہوسکتا ہے کہ وہ بھی کسی اہم کیس پر کام کررہے ہوں اور انہیں اس حوالے سے نشانہ بنایا گیا ہو۔

مزید خبریں :