دنیا
30 اپریل ، 2015

امریکا بحیثیت سپر پاور دنیا کی پولیس کا کردار ادا کر رہا ہے،رکن کانگریس الگرین

 امریکا بحیثیت سپر پاور دنیا کی پولیس کا کردار ادا کر رہا ہے،رکن کانگریس الگرین

ہیوسٹن ......راجہ زاہداخترخانزادہ/اویس عالم......رکن امریکی کانگریس الگرین نے کہا ہے کہ امریکا بحیثیت سپر پاور دنیا کی پولیس کا کردار ادا کر رہا ہے لیکن امریکا کو پولیس کا نہیں بلکہ امن کے داعی کا کردار ادا کر نا چاہیئے،امریکی شہر ہیوسٹن میں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کی جانب سے پاکستانی صحافیوں کے اعزاز میں منعقد ہ تقریب سے خطاب کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس وقت سپر پاور ہےاور ہماری کوشش ہے کہ دنیا بھر میں سفارت کاری کے ذریعے دوستی کی راہیں ہموار کی جائیں۔اس سلسلے میں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی بھی عوام سے عوام کے تعلق کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر کراچی سے آئے ہو ئے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہو ئے انہوں نے صحافیوں کے وفد کوخوش آمدید کہا۔ الگرین کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد جس کانفرنس میں شرکت کیلئے آئے ہیں وہ خصوصی طور پرخواتین کے حقوق کے حوالے سےہے اور اس موقع پر میں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ امریکا میں صدارتی انتخابات اگلے سال ہونے والے ہیں اور امریکی عوام مستقبل قریب میں خاتون امریکی صدر کے انتخاب کیلئے تیار ہیں، اگر امریکا میں کوئی خاتون پہلی مرتبہ صدر منتخب ہو جاتی ہیں تو یقینی طورپر اس کا اثر بلواسطہ طور پرامریکا سمیت پو ری دنیا پر پڑے گا،مجھے اس بات پر فخر ہے کہ امریکا ایک نئی تبدیلی کی جانب بڑھ رہا ہے۔امریکی رکن کانگریس کا مزید کہنا تھا کہ ان کے دل میں خواتین کیلئے بہت احترام ہے کیوں کہ کسی بھی مرد کو حاصل ہونے والا مقام بھی کسی عورت کی ہی وجہ سے ہے۔پوری دنیا میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور ماڈرن ٹیکنالوجی کے سبب دنیا بھر کے لوگوں کو ایک دوسرےسے ملنے کے اچھے مواقع مل رہے ہیں،دنیا بھر کے لوگوں کو اتفاق اور اتحاد کے ساتھ بہن بھائیوں کی طرح رہنا چاہئے۔ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ کراچی کے صحافیوں نے دونوں شہروں کو ملانے کیلئے میڈیا کے ذریعےاپنی خدمات سر انجام دیں اور ہماری کاوشوں کو میڈیا کے ذریعے اجاگرکیاجس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔اس موقع پرکانگریس وومین شیلہ جیکسن اورہیوسٹن شہر کےمیئر انیس پارکر کی جانب سےمہمان صحافیوں جس میں سلیم احمد،نسیم حیدر،راجہ زاہد اختر خانزادہ،محمداویس عالم،قاضی یاسراورمونس بن علی کو تہنیتی ،سرٹیفکیٹ پیش کئے گئے۔تقریب سےپاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کے راہنماڈاکٹر قدیر،خالد قاضی ودیگرنے خطاب کیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض فرح اقبال نے انجام دیئے۔تقریب کے اختتام پر کراچی سے آئے ہوئے صحافیوں کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا جس میں عمائدین شہر اور صحافیوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔

مزید خبریں :