پاکستان
30 اپریل ، 2015

صولت مرزا کی پھانسی مزید مؤخر کیے جانے کا امکان

صولت مرزا کی پھانسی مزید مؤخر کیے جانے کا امکان

کراچی.......پھانسی کے منتظر مجرم صولت مرزا نے بھی جے آئی ٹی کو دیے گئے بیان میں را کے ساتھ ایم کیو ایم کے رابطوں اور بھارت سے فنڈنگ کا انکشاف کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صولت مرزا کی پھانسی مزید مؤخر کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی پولیس کی جانب سے میڈیا کے سامنے پیش کیے گئے دونوں ملزمان اور صولت مرزا کے بیان میں بڑی حد تک مماثلت پائی جاتی ہے۔ مچھ جیل میں قید صولت مرزا نے چند روز پہلے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کو بیان ریکارڈ کرایا تھا۔ ذرائع کے مطابق صولت مرزا نے جے آئی ٹی کو دیے گئے بیان میں ایم کیو ایم کے را کے ساتھ رابطوں کا انکشاف کیا تھا اور ان رابطوں کےلیے استعمال ہونےو الے مختلف چینلز کا بھی ذکر شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صولت مرزا نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ ایم کیو ایم کو بھارت سے فنڈنگ کی جاتی ہے اور لین دین دبئی کے راستے ہوتا ہے۔ صولت مرزا کے جے آئی ٹی کو دیے گئے بیان پر مبنی رپورٹ کا وفاقی سطح پر جائزہ لیا جا رہا ہے، آئندہ دنوں میں اس بیان کی روشنی میں مزید کارروائیوں کا بھی امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کو ریکارڈ کرائے گئے بیان کی روشنی میں صولت مرزا کی پھانسی کے بلیک وارنٹس میں توسیع کا بھی امکان ہے۔

مزید خبریں :