01 مئی ، 2015
لاہور........وزیر اعلیِ شہباز شریف نے یوم مئی پر لاہور میں ورکرز ویلفیئر کمپلیکس کے نئے بلا ک کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ جب تک مزدور اور کسان خوشحال نہیں ہوتے پاکستان خوشحال نہیں ہو سکتا ۔ وزیر اعلیِ شہباز شریف نےلاہور کے قریب سندر انڈسٹریل اسٹیٹس میں ورکرز ویلفیئر کمپلیکس کے نئے بلاک کا سنگ بنیاد رکھا۔تقریب سے خطاب کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے رتبے کا پتہ قرآن پاک اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہِ وسلم کے ارشادات سے ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گنے کی قیمت تمام صوبوں سے زیادہ 180روپے ہے ، شوگر ملز مالکان گلے کو آتے رہے ، مگر ان کی ایک نہیں مانی ۔ گھی کی قیمتیں بھی ڈنڈے سے کم کرائیں ۔کسانوں کو چاول ، آلو ، کپاس کی مناسب قیمت نہیں ملی ۔گنے کی قیمت میں ڈنڈی ماری گئی۔ان کا کہناتھا کہ عمران خان کو مزدوروں کے پسینے سے نفرت ہے ،وہ نیب میں جانا چاہتے ہیں تو جہانگیر ترین اور چودھریوں کے خلاف جائیں ۔انہوں نے کہا کہ 3 سال میں بہت کام کرنے ہیں ،بجلی منصوبے مکمل کرنے کیلیے جان لڑا دینگے۔