01 مئی ، 2015
اسلام آباد......... امام کعبہ شیخ خالد الغامدی نے آج اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کی ، ان کی امامت میں نماز ادا کرنے والوں میں عمائدین شہر اور عوام کی بڑی تعداد کےساتھ صدر مملکت ممنون حسین بھی شریک ہوئے ، خطبہ جمعہ میں امام کعبہ کا کہنا تھاکہ دین کی بنیاد ایک ہونے پر ہے تفرقے میں نہیں ، مشکلات میں ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امام کعبہ شیخ خالد الغامدی نے آج اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کی ، نماز سے پہلے اپنے خطے میں ان کا کہنا تھاکہ مسلمانوں کو قرآن و سنت کی تعلیمات کو اپنانا چاہیئے، امت مسلمہ کا دل ایک ساتھ دھڑکتا ہے ,مسلمان آپس میں متحد رہیں اور تفرقے میں نہ پڑیں ، اسلام دنیا کا سب سے بڑا اور بہترین دین ہے۔ امام کعبہ نے کہاکہ انسان کی عظمت تقویٰ پر ہے ، رنگ و نسل پر نہیں ، اسلام اتحاد اور اتفاق کا درس دیتا ہے، دین کی بنیاد ایک ہونے پر ہے ، تفرقے میں نہیں پڑنا چاہیئے، مشکلات میں ہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیئے ، ہم سب کا دین ، خدا اور نبی ایک ہے ، راہ نجات صرف قرآن و سنت پر عمل میں ہے۔ امام کعبہ نے کہاکہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کی ضرورت ہے ، ایک مومن دوسرے مومن کا بھائی ہے۔ خطبے کے بعد امام کعبہ کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی گئی ، نماز جمعہ کی ادائيگی کے لیے عمائدین شہر کے ساتھ شہریوں کی بڑی تعداد بھی فیصل مسجد میں موجود تھی ، جبکہ نماز جمعہ کے اس اجتماع میں خواتین بھی شریک تھیں۔ نماز کےبعد امام کعبہ نے دعا بھی کرائی اور پاکستان اور امت مسلمہ کے لیے خاص طور پر دعا کی گئی۔ اس سے پہلے جب امام کعبہ فیصل مسجد پہنچے تو ان کا خطبہ شروع ہونے سے پہلے صدر مملکت ممنون حسین نے بھی مسجد میں ان سے ملاقات کی ، مسجد میں مذہبی امور کے وفاقی وزیر سردار یوسف بھی موجود تھے۔ اسی موقع پر وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے اسلام آباد میں نظام صلوٰت نافذ کرنے کااعلان بھی کیا ، جس کے مطابق پورے دارالحکومت کی تمام مساجد میں اذانوں اور نماز کی ادائيگی ایک ہی وقت میں ہوگی۔