01 مئی ، 2015
شمالی وزیرستان........... وزیراعظم نواز شریف نے آرمی چیف کے ہمراہ شمالی وزیرستان کا دورہ کیا ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امن کے قیام کے بعد اب وزیرستان کی ترقی پر توجہ دیں گے ، گھروں کی دوبارہ تعمیر کےلیے قبائلیوں کو وسائل مہیا کیے جائیں گے ، فوج کی قربانیوں سے نہ صرف وزیرستان بلکہ ملک بھر میں امن قائم ہوا ہے۔ آپریشن ضرب عضب کے باعث عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی گھروں کو واپسی کے موقع پر میر علی میں قبائلی عوام کو رخصت کرنے کے لیے وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف پہنچے ، اس موقع پر قبائلی عوام سے خطاب میں وزیراعظم نوازشریف نےکہاکہ متاثرین کی واپسی ان کے لیے اور سب عوام کے لیے خوشی کی بات ہے، متاثرین کی دیکھ بھال پر فوج شاباش کی مستحق ہے ، امن کےلیے فوج کے افسروں اور جوانوں نے قربانیاں دیں۔ وزیراعظم نواز شریف نےکہاکہ اب اس علاقے کی سیکیورٹی حکومت اور فوج مل کر کریں گے ، وہاں ترقیاتی کام بھی شروع کیے جائیں گے ،لوگوں کو علاج معالجے اور تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ وزیراعظم نے قبائلیوں کو امن کی خاطر گھر بار چھوڑنے اور صبر سے کام لینے پر خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر وزیراعظم اور آرمی چیف نے گھر واپس جانے والے قبائیلیوں میں تحائف بھی تقسیم کیے ۔ وزیراعظم کے ہمراہ گورنر خیبرپختونخوا ، وفاقی وزیرعبدالقادر بلوچ بھی موجود تھے، متاثرین کی واپسی کا سلسلہ 31 مارچ کو شروع ہوا تھا۔