پاکستان
08 مئی ، 2012

بلوچستان سے لا پتہ بیشتر افراد افغانستان جا چکے، آئی جی ایف سی

بلوچستان سے لا پتہ بیشتر افراد افغانستان جا چکے، آئی جی ایف سی

اسلام آباد … قومی سلامتی کمیٹی کو بلوچستان کے آئی جی ایف سی نے بتایا ہے کہ بیشتر لاپتہ افراد افغانستان جا چکے ہیں، 159 لاپتہ افراد میں سے49 تاحال لاپتہ ہیں، 46 واپس اپنے گھروں کو آ چکے جبکہ 23 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر رضا ربانی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا، جس میں لاپتہ افراد کے معاملے پر ڈی جی آئی ایس آئی، بلوچستان کے سیکریٹری داخلہ اور آئی جی ایف سی نے بریفنگ دی۔ وفاقی سیکریٹری داخلہ خواجہ صدیق کو تاخیر سے آنے پر اجلاس میں شرکت سے روک دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق آئی جی ایف سی بلوچستان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی لاپتہ فرد ان کی تحویل میں نہیں اور ان میں سے زیادہ تر کے افغانستان جانے کی اطلاع ہے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بلوچستان میں فرقہ وارانہ قتل و غارت میں جنداللہ اور لشکر طیبہ ملوث ہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں سینیٹر رضا ربانی نے بتایا کہ کمیٹی دیکھے گی کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے کوئی نیا قانون بنایا جائے یا موجودہ قوانین میں ترمیم کی جائے، لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے کمیٹی آئندہ اجلاس میں تجاویز مرتب کرکے حکومت کو پیش کرے گی۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ بریفنگ کے دوران بتایا گیا ہے کہ اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں۔

مزید خبریں :