08 مئی ، 2015
میرپور ..... پاکستان نے بنگلا دیش کیخلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کو جیت کیلئے 550رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔ میرپور ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلادیشی ٹیم ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کررہی ہے ،آج صبح بنگلا دیش کی ٹیم نے 107رنز 5آئوٹ پر اننگ کا دوبارہ آغاز کیا تو پوری ٹیم پہلی اننگز میں 203 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،بنگلادیشی بلے بازوقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے،صرف شکیب الحسن نے مزاحمت کی ، جنہوں نے جارحانہ انداز اختیارکیا ،اُنہوں نے نصف سنچری 72 گیندوں پر 6 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے مکمل کی ۔ وہ 89رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ، اُن کی اننگز میں 14 چوکے اور2 چھکے بھی شامل تھے۔بنگلادیش کی 203 رنز پر جب نویں وکٹ گری تو اُن کی اننگز کا اختتام ہوگیا ، کیونکہ فاسٹ بولر شہادت حسین ان فٹ ہونے کے سبب بیٹنگ کیلئے نہیں آئے، یاسر شاہ اور وہاب ریاض نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، 2 وکٹیں محمد حفیظ کے حصے میں آئیں۔ پاکستانی کپتان مصباح الحق نے میزبان ٹیم کو فالو آ ن نہیں کرایا۔اس طرح پاکستان کو مجموعی طور پر 350سے زائد رنز کی برتری حاصل ہوئی ۔دوسری اننگ میں پاکستان نے 6وکٹ پر195رنز بناکر اننگ ڈیکلیئر کردی ، پاکستان کی طرف سے محمد حفیظ صفر،سمیع اسلم 8،اظہر علی 25،یونس خان39،مصباح الحق82،اسد شفیق 15رنز بناکر آوٹ ہوگئے جبکہ سرفراز احمد 18رنز بناکرناٹ آئوٹ رہے۔بنگلا دیش کے محمد شاہد 2،تجمل اسلام 1،سومیا سرکار1،شوگاتا1،اور محمد اللہ ایک وکٹ حاصل کرنے کامیاب رہے۔