09 مئی ، 2012
لاہور … سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کل کیا جا ئے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اقبال قاسم نے پچھلے دنوں یہ اعلان کیا تھا کہ دورہ سری لنکا کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان 9 مئی کو کیا جائے گا جس پر میڈیا پی سی بی ہیڈ کوارٹر پر جمع ہوگیا، میڈیا کو 9 گھنٹے انتظار کی سولی پرلٹکائے رکھا ، دوسری جانب پی سی بی میڈیا ڈیپارٹمنٹ نے ہمیشہ کی طرح لا علمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے اعلان کیلئے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی، اگر اعلان ہونا ہوا تو اطلاع دے دی جائے گی۔ 9 گھنٹوں کے انتظار کے بعد پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ ٹیم کا اعلان جمعرات کی دوپہر ساڑھے 12 بجے کیا جا ئے گا۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کو حتمی شکل دے دی ہے لیکن چیئرمین ذکاء اشرف آفس نہ آسکے۔ مشاورت کا عمل چیئرمین کی رہائشگاہ پر بھی ہوا لیکن ٹیم کا اعلان نہ کیا جاسکا۔ چیئرمین ٹیم اور ٹی 20 کے کپتان کی تبدیلی کے حوالے سے مزید صلاح مشورہ کرناچاہتے ہیں۔