پاکستان
21 مئی ، 2015

بلدیاتی انتخابات کے لیے پشاور میں سرگرمیاں عروج پر

بلدیاتی انتخابات کے لیے پشاور میں سرگرمیاں عروج پر

پشاور .......پشاور میں بلدیاتی انتخابات کے لئے سرگرمیاں عروج پر ہیں۔امیدوار وعدے وعید کے سبز باغ دکھا رہے ہیں توووٹرز مسائل کا حل چاہتے ہیں۔پشاورشہر کے بنیادی مسائل کیاہیں۔یہاں ووٹرز کی تعداد کتنی ہے اور کتنے امیدوار میدان میں ہیں۔ پشاور کی آبادی 40لاکھ سے زیادہ ہے۔ شہر میں یونین کونسلز کی مجموعی تعداد 97ہے۔ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، شکستہ گلیاں،نکاسی آب اورصفائی کا ناقص نظام اور صاف پانی کی عدم دستیابی شہریوں کے بڑے مسائل ہیں۔ ووٹرزمسائل کے حل کی آس لگائے اہل نمائندوں کو منتخب کرنے کے لئے بے تاب ہیں۔ شہر میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14لاکھ 81ہزار567ہے، جن میں 8لاکھ 61ہزار131مرد جبکہ 6لاکھ 20ہزار436خواتین شامل ہیں۔ ضلع کونسل، ٹاؤن کونسل، نیبرہڈ اور ویلج کونسلوں کی 4ہزار5سو 20نششتوں کے لئے 9ہزار2سو53امیدوار میدان میں ہیں۔ امیدوار شہریوں کے بنیادی مسائل حل کرنے کے بلندو بانگ دعوے کررہے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے شہربھر میں ایک ہزار تین پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جہاں دس ہزار سے زیادہ انتخابی عملہ فرائض انجام دے گا۔ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے بعد عوام پرامید ہیں کہ ان کے مسائل گھرکی دہلیز پر حل ہوں گے۔

مزید خبریں :