23 مئی ، 2015
اسلام آباد.......وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ ایگزيکٹ اسکینڈل کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے، ایگزیکٹ کے حوالے سے انٹرپول سے بھی رابطہ کیا جارہا ہے، وزارت داخلہ آئندہ دو روز میں امریکی ایجنسی ایف بی آئی کو معاونت کے لیے خط بھی لکھ رہی ہے، برطانوی اداروں سے بھی قانونی معاونت زیرغورہے،ایگزیکٹ اسکینڈل کی تفتیش کے دوران کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کا میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ایگزیکٹ اسکینڈل کی ابتدائی تفتیش اگلے 7سے 10دن میں مکمل ہوجائے گی، ایف آئی آر درج ہونی ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ بھی 7سے 10دن میں ہوگا، اگر فوری کارروائی نہ کرتے تو بہت سا ریکارڈ مٹایا جاچکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹ سے متعلق شفاف تحقیقات ہوں گی، بین الاقوامی اخبارکی رپورٹ پرایف آئی اے کو انکوائری سونپی گئی،ایگزیکٹ کا معاملہ اندرون اوربیرون ملک اہم ہے، اس کی تحقیقات کراچی اور اسلام آبادمیں ہورہی ہیں۔چوہدری نثار نے بتایا کہ ایگزیکٹ معاملے کی تفتیش حساس مرحلے میں ہے،اس اسکینڈل پرایف آئی اےکےسامنےٹھوس چیزیں سامنےآئی ہیں،اب بھی پارلیمنٹ، حکومت، اپوزیشن اور دیگر اداروں میں جعلی ڈگری والے بیٹھے ہیں،تحقیقات مثبت انداز میں آگے بڑھی ہیں،ایف آئی اے کی تحقیقات طریقہ کارکے مطابق ہورہی ہیں۔