26 مئی ، 2015
نئی دہلی.......بھارت میں گرمی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑھے آٹھ سو ہوگئی، بھارت کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 50ڈگری تک پہنچ گیا۔ بھارت میں گرمی کی شدت عروج پر پہنچ گئی، 8 سو 52 افراد گرمی کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔بھارت میں سورج آگ برسا رہا ہے، گرمی سے لوگ بے حال ہیں۔ دارالحکومت نئی دہلی میں پارہ 46 ڈگری پر پہنچا تو بے جان سڑکیں بھی گرمی برداشت نہ کرسکیں اور کئی مقامات پر سڑکوں کی زیبرا کراسنگ تپش سے پگھل گئیں، گرمی کا پارہ کچھ علاقوں میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا تو ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔ ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں 750سے زائد افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ مغربی بنگال اور اوڑیسہ میں گرمی کی شدت سے 24 افراد جان سے گئے۔ اسپتالوں میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، بھارت کی جنوبی ریاستیں وسط اپریل سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں تاہم درجہ حرارت 45سے اوپر جاتے ہی ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں پچھلے ہفتے سے اضافہ ہونا شروع ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات نے گرم ترین درجہ حرارت کی وارننگ جاری کرتے ہوئے اوڑیسہ، آندھرا پردیش اور جھارکھنڈ میں آئندہ چند روز تک درجہ حرارت 45 سے زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔