24 جون ، 2025
تہران: ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی کا کہنا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام میں کوئی تعطل نہیں آئے گا۔
ایرانی خبررساں ایجنسی تسنیم کے مطابق محمد اسلامی نے کہا ہے کہ جوہری سرگرمیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جاچکے تھے۔
اپنے بیان میں محمد اسلامی نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی توانائی تنظیم نے ان حملوں سے متاثرہ مقامات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے پہلے ہی جامع منصوبے مرتب کر رکھے تھے جن کے ذریعے حملے کی صورت میں بھی جوہری سرگرمیوں کو بحال اور محفوظ رکھا جاسکے تاکہ پیداوار اور خدمات کی فراہمی کے عمل میں کوئی تعطل نہ آئے۔
ایک ایرانی اخبار کے مطابق ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کا کہنا ہے کہ ایران کا ایٹمی پروگرام بغیر رکے جاری رہے گا اور یورینیم کی افزودگی دوبارہ شروع کرنے کی تیاریاں مکمل ہیں۔
علاوہ ازیں ایرانی سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایٹمی توانائی تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ دشمن کی ایران کی جوہری صنعت کو مکمل طور پر ختم کرنے کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس ایسی صلاحیتیں موجود ہیں جن کے ذریعے اس شعبے میں کام بغیر رکے جاری رکھا جاسکتا ہے۔