27 مئی ، 2015
کراچی........ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ ایف آئی اے کو ڈگریاں ایشو کرنے والے مقامی اور غیر ملکی اداروں کی فہرست پیش کرنے میں ناکام ہوگئے۔ایف آئی کا ایگزیکٹ اسکینڈل پر فل ایکشن جاری ہے، ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ، کمپنی کے دیگر 6ڈائریکٹرز کے ہمراہ بیان ریکارڈ کرانے ایف آئی اے کے دفتر پہنچے۔ بیانات ایف آئی اے کے ڈائریکٹر شاہد حیات اور 3 ڈپٹی ڈائریکٹر کی موجودگی میں ریکارڈ کیے گئے۔ ایف آئی اے نے مالی معاملات پر شعیب شیخ اور دیگر ڈائریکٹر سے الگ الگ پوچھ گچھ کی،ذرائع کے مطابق علیحدہ علیحدہ تفتیش کا مقصد جوابات کو کاونٹر چیک کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو ایگزیکٹ کی جانب سے ملکی اور غیر ملکی تعلیمی اداروں کی مکمل فہرست فراہم نہیں کی گئی۔ ایف آئی اے نے ایگزیکٹ سے تعلیمی اداروں کے این او سی اور ایچ ای سی سے الحاق کی دستاویزات طلب کی ہیں۔ ایف آئی اے نے فیس کی مد میں حاصل رقم کی تفصیلات،ایگزیکٹ کے ایکسپورٹ کردہ اشیاء کی اسٹیٹ بنک سے تصدیق کی دستاویزات بھی مانگی ہیں۔ ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کے نیوز چینل کے آلات کی خریداری سے متعلق تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایگزیکٹ،اسپانسرز سے متعلق تفصیلات جمع کرانے میں ناکام رہا جبکہ اسپانسرز کی مکمل فہرست فراہم کرنے سے بھی گریزکیا گیا ہے۔